کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جامعہ کراچی کے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری کی ایک بلوچ پاکستانی پی ایچ ڈی طالبہ مہ جبین حسن کو74ویں لنڈاؤ نوبل لاریٹ میٹنگ میں شرکت کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، لنڈاؤ نوبل لاریٹ میٹنگ دراصل کیمسٹری کے شعبے سے متعلق ہے اور29جون سے4جولائی2025تک لنڈاؤ، جرمنی میں منعقد ہوگی۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے کہا ہے کہ مہ جبین حسن کا تعلق بلوچستان کے علاقے تربت کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے جو اس وقت ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری میں پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف کی نگرانی میں اپنا پی ایچ ڈی مکمل کر رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی ماسٹرز ڈگری یونیورسٹی آف تربت، بلوچستان سے مکمل کی ہے جبکہ انہوں نے2021میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں پروفیسر ڈاکٹر سید غلام مشرف کی نگرانی میں اپنے ایم فل کے مطالعے کا آغاز کیا تھا۔ واضح رہے کہ74ویں لنڈاؤ نوبل لاریٹ میٹنگ نوجوان محققین اوراسکالروں کے لیے ایک شاندار موقع فراہم کرے گی جس کے ذریعے وہ اپنا علم بڑھا سکیں گے، نئے پیشہ ورانہ روابط قائم کر سکیں گے اور40سے50نوبل انعام یافتگان اور دنیا بھر کے600سے زائد سائنسدانوں کے ساتھ اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کر سکیں گے۔ اس پروگرام میں یورپ کے چند جدید تحقیقی مراکز کے دورے بھی شامل ہیں۔آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ نے محترمہ مہ جبین حسن اور ان کے سپروائزر پروفیسر ڈاکٹر مشرف کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی اورپروفیسر ایمریٹس اور سابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے بھی سرخروطالبہ اور اس کے سپروائزر کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔


