اسلام آباد: پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) کے رجسٹرار کی بھرتی کے لیے جاری اشتہار کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے رجسٹرار کی تعیناتی کا عمل جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے حتمی احکامات جاری کرنے سے روک دیا، جبکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے انجینئر خادم حسین کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ رجسٹرار کی تعیناتی کے لیے اشتہار 23 اگست 2026 کو جاری کیا گیا تھا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پی ای سی کے ملازمین کی تقرری، ترقی اور تبادلے سے متعلق 2020 کے قواعد رجسٹرار کی تعیناتی کے عمل سے متعلق قانونی نکات پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کے لیے مقرر کردیا۔


