حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ حیدرآباد نے گورنمنٹ میراں اسکول ہیرآباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سینئر کلرک سلمان میمن اور نائب قاصد نور محمد کو رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔
کارروائی اینٹی کرپشن کے انسپکٹر محمد نصیر نے اپنی ٹیم اور مجسٹریٹ کے ہمراہ انجام دی۔ ذرائع کے مطابق یہ کارروائی ریٹائرڈ ٹیچر سحر بانو کی شکایت پر کی گئی، جس میں الزام تھا کہ سینئر کلرک سلمان میمن نے گریجویٹی اور ریٹائرمنٹ کی کلیئرنس کے کاغذات کے لیے یکم اکتوبر 2025 کو 80 ہزار روپے وصول کیے، جبکہ مختلف اوقات میں مزید 5 لاکھ اور 3 لاکھ روپے بھی وصول کیے گئے۔
شکایت کنندہ کے مطابق آخری مراحل میں کلرک نے انہیں ساڑھے چار لاکھ روپے کا چیک بطور ایڈوانس دینے پر مجبور کیا اور دھمکی دی کہ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو مقدمہ درج کروا دیا جائے گا اور سروس بک بھی جاری نہیں کی جائے گی۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سحر بانو سے سینئر کلرک کو دیے گئے 30 ہزار روپے اور نائب قاصد سے 30 ہزار روپے برآمد کیے، جبکہ سلمان میمن کے قبضے سے ساڑھے چار لاکھ روپے کا چیک بھی برآمد ہوا۔ دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مزید حقائق سامنے آنے کا امکان ہے۔


