شاہ لطیف کے علاقے میں بھائی کے ہاتھوں بھائی قتل، مرکزی ملزم دو گھنٹوں میں گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شاہ لطیف تھانے کی حدود صالح محمد گوٹھ میں گھریلو جھگڑے کے دوران چھوٹے بھائی کے ہاتھوں بڑے بھائی کے قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم کو صرف دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق واقعے کا فوری نوٹس ڈاکٹر عبدالخالق (ایس ایس پی ملیر) نے لیا، جن کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ ایس ایچ او شاہ لطیف کی قیادت میں پولیس ٹیم نے ٹیکنیکل معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت مزمل کے نام سے ہوئی ہے، جس نے چھریوں کے وار کر کے اپنے سگے بھائی زاہد کو شدید زخمی کیا۔ زاہد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔

ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ واقعہ گھریلو لڑائی جھگڑے کے دوران پیش آیا۔ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں