حضرت علی ؑنے اپنی زندگی کو سیرت رسول کا عملی نمونہ بنا کر پیش کیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مجلس وحدت مسلمین کےمرکزی رہنما علامہ باقر عباس زیدی نے 21 رمضان المبارک یوم شہادت مولائے کائنات امام علی علیہ السلام پراپنےبیان میں کہا ہےکہ حضرت علی ؑنے اپنی زندگی کو سیرت رسول کا عملی نمونہ بنا کر پیش کیا۔امت مسلمہ کو اپنا وقار قائم کرنےکیلئےامیرالمومنین حضرت علی ؑ کے طرز زندگی کو اپنائیں۔انہوں نے کہا کہ امام علی ؑ نے عدالت کے قیام کے لئے اپنی جان قربان کی۔اوراسی طرح کربلا میں بھی عدالت کےقیام کے لئے امام حسین ؑ نے بے مثل قربانی دیکر اسلام اور عدالت کو تحفظ فراہم کیا۔ آج ضرورت اس امرکی ہےکہ پاکستان کےحکمران امام علی ؑکےطرز حکومت کو اپنا اسوہ قرار دیں۔ ہم پاکستان میں عدل و انصاف اور قانون کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں لیکن یہ اسی صورت قائم ہو سکتی ہے جب حکمران امام علی ؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوں اور نظام حکومت میں امام علی ؑ کےطرزحکمرانی کوسیرت قرار دیں۔انہوں نےکہا کہ پاکستان کےداخلی و خارجی معاملات میں امریکی مداخلت اورموجودہ وزیراعظم و دیگر کا امریکہ کی تابعداری ملک و قوم کے وقار کے منافی اور غیرت و حمیت کے تقاضوں کے برعکس ہے۔حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 23 رمضان عالمی یومِ القدس کے موقع پر منعقد ہونے والے اجتماعات کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کیاجاسکے۔انہوں نےکہا کہ یومِ القدس کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں بڑی تعداد میں عوام، علما اور عزادار شرکت کرتےہیں، لہٰذا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان اہم مذہبی اجتماعات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں اور احتجاجی ریلیوں کے راستوں پر مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ سکیورٹی کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے بہتر انتظامات بھی کرے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور مذہبی اجتماعات پُرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں