تھانہ مکی شاہ کی حدود میں منشیات کا کھلے عام کاروبار، پولیس مبینہ طور پر خاموش

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ مکی شاہ کی حدود میں منشیات کا غیر قانونی کاروبار دن دہاڑے جاری ہے، جس سے علاقے کے نوجوان، طلبہ اور محنت کش طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق منشیات فروش بغیر کسی خوف کے چرس، آئس، گردا سمیت دیگر نشہ آور اشیاء فروخت کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے حوصلے بلند ہیں کیونکہ مبینہ طور پر پولیس ہفتہ وار رشوت وصول کر کے کارروائی سے گریز کر رہی ہے۔ منشیات فروش کھلے عام دھمکیاں دیتے ہیں کہ تھانے کے ایس ایچ او کا ساتھ ہے اور ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی۔

علاقہ مکینوں نے متعدد بار شکایات کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی مؤثر اور مستقل کارروائی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ نوجوانوں میں منشیات کی آسان دستیابی کے باعث نسل تیزی سے تباہی کی طرف جا رہی ہے، جبکہ والدین اور شہری شدید پریشان ہیں۔

شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے منشیات فروشوں کے ساتھ مبینہ طور پر ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک کیا جا سکے اور نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں