ٹینکرزاورہائیڈرنٹس کےذریعے پانی کی فراہمی بند ، شہری لائنوں سے پانی حاصل کریں گے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر میں پانی کی فراہمی کےنظام میں بڑی تبدیلی کافیصلہ کیا گیا ہے۔ کے ایم سی حکام کے مطابق کراچی میں ٹینکرز اور ہائیڈرنٹس کے ذریعے پانی کی فراہم بند کر دی جائے گی اور شہریوں کو لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کیا جائے گا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے واٹر کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ شہر کے تمام ساتوں ہائیڈرنٹس کو بتدریج ختم کیا جائے اور شہریوں کو براہِ راست پانی کی لائنز کے ذریعے سہولت فراہم کی جائے۔

میئر کراچی نے کہا کہ واٹر ہائیڈرنٹس کے کنٹریکٹس گزشتہ سال ختم ہو چکے ہیں اور نئے کنٹریکٹس جاری نہیں کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو ٹینکرز پر انحصار سے چھڑایا جائے گا کیونکہ یہ مستقل حل نہیں ہے اور اس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پانی کی کمی کو متبادل دنوں میں پورے شہر کے مختلف علاقوں میں فراہم کر کے دور کیا جائے گا تاکہ شہری بنیادی سہولت سے محروم نہ رہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے کئی علاقوں میں پانی کی قلت عام ہے جس کی وجہ سے شہری مہنگے ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔ اس نئے اقدام کے بعد شہر میں پانی کی فراہمی کا نظام مزید منظم اور آسان بنانے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں