کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کورنگی میں ایک فیکٹری کے مالکان اور انتظامیہ سے بھتہ نہ لینے پر نامعلوم اور سابق ملازموں نے فیکٹری کو نذر آتش کرنے اور عملے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
عوامی کالونی پولیس نے فیکٹری کے سیکیورٹی انچارج محمد اصغر کی مدعیت میں نامزد ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق 9 جنوری کو صبح سابق ملازم شہزاد اپنے ساتھیوں اقبال ابڑو، سدھیر، اشفاق اور دیگر نامعلوم افراد کے ہمراہ فیکٹری پہنچا اور انتظامیہ کو دھمکی دی کہ اگر پہلے کی طرح لاکھوں روپے بھتہ نہ دیا گیا تو وہ فیکٹری کو آگ لگا دیں گے اور تمام عملے کو جان سے مار دیں گے۔
فی الحال ایف آئی آر کے مطابق ملزم شہزاد اس سے قبل بھی متعدد بار فیکٹری سے لاکھوں روپے بھتہ وصول کر چکا ہے اور اس کے ساتھی فیکٹری انتظامیہ پر دباو ڈالنے کے لیے دھرنا بھی دے چکے ہیں۔
پولیس نے کہا کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


