کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سال 2025 کے دوران شہر میں آتشزدگی کے 2,500 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے، جن کے نتیجے میں 6 افراد، جن میں 4 خواتین شامل ہیں، جھلس کر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ آتشزدگی کے 278 واقعات اکتوبر میں پیش آئے۔
رپورٹ کے مطابق ماہانہ بنیاد پر آتشزدگی کے واقعات کی تفصیل کچھ یوں ہے: جنوری میں 267، فروری میں 203، مارچ میں 256، اپریل میں 232، مئی میں 169، جون میں 197، جولائی میں 148، اگست میں 166، ستمبر میں 141، اکتوبر میں 278، نومبر میں 265 اور دسمبر میں 202۔ مجموعی طور پر شہر کے 29 فائر اسٹیشنز میں 2,524 آگ لگنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔
شہری علاقوں کے اعتبار سے سب سے زیادہ آتشزدگی کے واقعات سینٹرل فائر اسٹیشن کے علاقے میں 217، صدر میں 191، ناظم آباد میں 166، لیاری میں 120، سائٹ میں 148، کورنگی میں 146، گلستان مصطفیٰ میں 153، گلشن اقبال میں 168، اور دیگر علاقوں میں متعدد واقعات ریکارڈ کیے گئے۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق شہر میں آتشزدگی سے نمٹنے کے لیے فی الحال 43 فائر ٹینڈرز دستیاب ہیں جبکہ 8 اسنارکلز میں سے دو خراب ہیں۔ اس کے علاوہ دو باوزرز، دو ریسکیو یونٹس اور ایک فوم یونٹ موجود ہے، جو ساڑھے تین کروڑ آبادی والے شہر کے لیے انتہائی ناکافی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2025 کے دوران ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں تین بڑے آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، جن میں 6 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے۔ چیف فائر آفیسر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آگ لگنے کے خطرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں اور کسی بھی آتشزدگی کی صورت میں فوری اطلاع دی جائے۔


