حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)یونیورسل چلڈرن ڈے کے موقع پر غلام حسین ہدایت اللہ پرائمری اسکول پکا قلعہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نے کہا کہ آج کے بچے ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی بہتر دیکھ بھال، تعلیم و تربیت اور انہیں مفید شہری بنانا حکومت، والدین، اساتذہ اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کو ان کے حقوق اور تحفظ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ اگر تنظیمیں اپنا کام ایمانداری سے کریں تو بچوں پر مشقت، تشدد اور دیگر جرائم کو روکا جا سکتا ہے۔
تقریب میں پرنسپل پروفیسر شکیل اختر، ہیڈ ماسٹر مرزا منصور احمد بیگ، اور بھائی خان ویلفیئر کے فاؤنڈر حاجی محمد یاسین ارائیں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تفریح و کھیل کے مواقع بھی فراہم کرنے چاہئیں۔ اس موقع پر اسکول کے طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔


