9

جعلی کرنسی پھیلانے والے منظم گروہ کے خلاف ایف آئی اے کی کارروائی، اہم ملزم گرفتار

پشاور: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے کورئیر سروسز کے ذریعے جعلی پاکستانی کرنسی ملک کے مختلف حصوں میں بھجوانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 14 لاکھ 70 ہزار روپے مالیت کی جعلی پاکستانی کرنسی برآمد کرکے ایک اہم ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

حکام کے مطابق کارروائی ایک شکایت کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی، جس کے بعد ایف آئی اے نے جعلی کرنسی پر مشتمل کورئیر پارسلز کا سراغ لگایا۔ تحقیقات کے دوران زید زیب ولد عالم زیب خان، سکنہ غریب آباد، شبقدر، چارسدہ کو گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزم نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ وہ جعلی کرنسی تیار اور فراہم کرنے والے ایک منظم گروہ سے وابستہ ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ گروہ کے دیگر ارکان اور جعلی کرنسی کی تیاری و ترسیل میں ملوث افراد کے خلاف بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں