لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)لاہور کے علاقے شاد باغ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے شراب کی سپلائی میں ملوث ایک ریکارڈ یافتہ ملزم کو گرفتار کر لیا۔
شاد باغ پولیس اسٹیشن کے مطابق دورانِ پیٹرولنگ ملزم سلیمان رشید کو حراست میں لیا گیا، جس کے قبضے سے مختلف برانڈ کی 70 بوتلیں اور ایک گیلن میں موجود 10 لیٹر کھلی شراب برآمد ہوئی۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم لاہور کے مختلف علاقوں میں شراب کی سپلائی میں ملوث تھا اور ترسیل کے لیے کاٹن کے ڈبوں میں سامان چھپا کر لوکل ٹرانسپورٹ اور موٹر سائیکلوں کا استعمال کرتا تھا۔
اس کارروائی پر ایس پی سٹی عاطف امیر نے ایس ایچ او شاد باغ زاہد حسین اور ان کی ٹیم کو کامیاب آپریشن پر شاباش دی۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ اس نیٹ ورک کے دیگر ممکنہ ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔


