کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے ویسٹ زون میں مؤمن آباد پولیس نے شوہر کے قتل کے مقدمے میں ملوث ایک ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
مؤمن آباد پولیس اسٹیشن کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران ملزمہ دعا زوجہ حمزہ کو حراست میں لیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق ملزمہ نے اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ مل کر اپنے موجودہ شوہر حمزہ ولد ظہور کو قتل کیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو اس کے گھر کے اندر پھندا لگا کر قتل کیا گیا جبکہ اس کے ہاتھ بھی باندھے گئے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو گرفتار کیا گیا۔ قتل کا مقدمہ مقتول کے والد ظہور الدین کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق واقعے میں ملوث دیگر فرار ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


