کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)کوئٹہ میں ڈاکٹر پر تیزاب حملے کے خلاف ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال جاری ہے جس کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں او پی ڈیز اور آپریشن تھیٹرز کا نظام شدید متاثر ہو گیا ہے۔
ہڑتال کے باعث سول ہسپتال کوئٹہ سمیت بڑے سرکاری ہسپتالوں میں ہزاروں مریض علاج سے محروم ہیں اور دور دراز علاقوں سے آنے والے مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے مطابق ایمرجنسی سروسز بھی متاثر ہو رہی ہیں جس سے مریضوں کو شدید اذیت کا سامنا ہے۔ دوسری جانب نجی ہسپتالوں میں مہنگے علاج کے باعث غریب عوام مزید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
سول سوسائٹی نے ہڑتال کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا ہے، جبکہ وکلاء اور سماجی حلقوں کی جانب سے ہائی کورٹ سے بھی معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق روزانہ ہزاروں مریض علاج کی سہولت سے محروم ہو رہے ہیں جس سے صحت کے نظام پر دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔


