کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) لیاری کے علاقے کلاکوٹ کے عثمان آباد میں مبینہ گینگ وار عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے عثمان آباد کے مل ایریا ٹپال چائے والی گلی میں چھاپہ مارا، جہاں ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں عزیر بلوچ گروپ سے وابستہ ظہیر احمد چوہان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے چھوٹا اسلحہ اور اضافی گولیاں بھی برآمد ہوئی ہیں۔ایس ایس پی سٹی علی حسن کے مطابق ملزم انتہائی خطرناک ریکارڈ کا حامل ہے اور اس کے خلاف 11 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم 2018 میں کراچی آپریشن کے دوران اقدامِ قتل اور دیگر سنگین دفعات کے تحت بھی گرفتار ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملزم کے خلاف مختلف تھانوں بشمول چاکیواڑہ، عیدگاہ اور کلاکوٹ میں منشیات فروشی، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے مقدمات درج ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عثمان آباد کے علاقے میں دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کر رہا تھا اور مبینہ طور پر نیٹ ورک کو فعال بنانے میں ملوث تھا۔زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔


