کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے گلستانِ جوہر بلاک 12 میں کارروائی کرتے ہوئے ایک غیر قانونی کال سینٹر کا سراغ لگا کر 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان ہیکنگ، بینک اکاؤنٹس اور کریڈٹ کارڈز کی معلومات تک غیر مجاز رسائی حاصل کرکے شہریوں کو دھوکہ دینے میں ملوث تھے۔
گرفتار افراد میں راحیل، لیونارڈ ایڈگر ڈین، جوشوا ہیریسن، لیون سیمسن ڈین، ایڈیسن آفتاب، حمزہ شیخ اور آرنلڈ ڈین شامل ہیں۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر سے 5 سی پی یوز، ایک لیپ ٹاپ، 9 موبائل فونز، دو گاڑیاں اور مختلف اہم دستاویزات بھی برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد اور ممکنہ سہولت کاروں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔


