کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں سٹی کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں انمول عرف پنکی کے خلاف منشیات کیس کی سماعت کے دوران پولیس نے نئی پیش رفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمہ انمول عرف پنکی کو 12 مئی کو منشیات کیس میں گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ گرفتاری کے بعد اس کے تین قریبی مبینہ سہولت کاروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد میں ذیشان، سہیل اور سمیر شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمہ کے مزید سات قریبی ساتھی مفرور ہیں، جن میں فیاض، عاقب، حمزہ، اعزاز، زید سمیت دو خواتین صابرہ اور اینا کے نام شامل ہیں۔
پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کیس میں تفتیش جاری ہے اور مزید پیش رفت رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے گی۔


