6

اولڈ سٹی ایریا کی تاریخی عمارت کے انہدام کا حکم، سندھ ہائی کورٹ سے رجوع

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں محفوظ قرار دی گئی ایک تاریخی عمارت کے مبینہ انہدام کے معاملے نے قانونی شکل اختیار کر لی ہے۔

مبینہ طور پر صوبائی محتسب سندھ کی جانب سے شارع لیاقت پر واقع حاجی مینشن کی چوتھی منزل گرانے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا، جسے عمارت کے مالک نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) سمیت تمام متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 ستمبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔

وکیل کا مؤقف ہے کہ شارع لیاقت پر واقع حاجی مینشن ایک قدیم اور تاریخی اہمیت کی حامل عمارت ہے، جس کی چوتھی منزل کو بارشوں اور موسمی اثرات کے باعث نقصان پہنچا تھا۔

درخواست میں بتایا گیا کہ مکینوں نے مرمت کا کام شروع کیا تھا، تاہم سرکاری اہلکاروں نے اسے روک دیا۔ بعد ازاں کسی شہری کی شکایت پر اپریل میں صوبائی محتسب نے ایس بی سی اے کو عمارت کی چوتھی منزل گرانے کی ہدایت جاری کی۔

وکیل کے مطابق محتسب کا فیصلہ مکینوں کو سنے بغیر کیا گیا اور یہ دائرہ اختیار سے تجاوز کے مترادف ہے، کیونکہ محتسب کو انہدامی احکامات جاری کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ مرمت کا کام رکنے سے عمارت کے مکینوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں، لہٰذا ایس بی سی اے کو کسی بھی انہدامی کارروائی سے روکا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں