کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تھرپارکر میں اونٹنی پر بہیمانہ تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے زخمی اونٹنی کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا، جس کے بعد محکمہ لائیو اسٹاک کی خصوصی ٹیم نے متاثرہ جانور کا علاج شروع کر دیا۔
سیکریٹری لائیو اسٹاک کاظم جتوئی کے مطابق علاج کے بعد اونٹنی کی حالت اب بتدریج بہتر ہو رہی ہے اور وہ کھڑے ہونے، چلنے، خوراک اور پانی لینے کے قابل ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ اونٹنی کی مکمل صحت یابی تک چوبیس گھنٹے نگرانی جاری رہے گی۔
ویٹرنری معائنے میں انکشاف ہوا ہے کہ 13 سالہ اونٹنی شدید تشدد کا شکار ہوئی، جس کے نتیجے میں اس کی دائیں آنکھ مکمل طور پر ضائع ہو چکی ہے جبکہ بائیں آنکھ میں شدید سوجن اور سوزش پائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ بائیں آنکھ کا ماہر ویٹرنری سرجن سے آپریشن کروا کر بحال کرنے کی کوشش کی جائے۔ متاثرہ اونٹنی کو اینٹی بائیوٹکس، درد کم کرنے والی ادویات اور خصوصی غذائی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جانوروں پر ظلم کسی مہذب معاشرے میں برداشت نہیں کیا جا سکتا، اور ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ان کے مطابق اس واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے بھی موقع پر علاج معالجے اور صورتحال کا جائزہ لیا جبکہ ویٹرنری ماہرین کی ٹیم متاثرہ علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ایسے واقعات پر سخت کارروائی کی جائے گی۔


