6

میر عثمان علی پردہ پارک کے ٹھیکیدار کا معاہدہ نہ بڑھانے کے خلاف عدالت سے رجوع

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے جمشید ٹاؤن میں واقع میر عثمان علی پردہ پارک کے ٹھیکیدار کی جانب سے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست سندھ ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی۔

درخواست پر عدالت نے کے ایم سی (کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن)، جناح ٹاؤن کراچی اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 18 اگست تک جواب طلب کر لیا ہے۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق ان کے موکل گزشتہ 18 برسوں سے پارک کے انتظام و انصرام سے وابستہ ہیں۔ ان کا مؤقف ہے کہ 2018 میں معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد تجدید کے لیے باقاعدہ درخواستیں جمع کرائی گئیں۔

وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار باقاعدگی سے تمام واجبات اور چالان جمع کرواتے رہے ہیں، جبکہ انہوں نے ذاتی اخراجات سے پارک میں چھوٹے چڑیا گھر کے قیام اور دیکھ بھال پر بھی سرمایہ کاری کی۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر پارکس اور جناح ٹاؤن کی جانب سے پارک کی سرگرمیاں بند کرنے اور اسے خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جو غیر منصفانہ اقدام ہے۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست گزار کو بے دخلی سے روکا جائے اور معاہدے کے مطابق پارک میں تفریحی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں