عارف والا میں پروقار پرچم کشائی، قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کے عزم کا اعادہ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)عارف والا میں یومِ پاکستان کے موقع پر ڈی سی کمپلیکس پاکپتن کے سبزہ زار میں ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ یومِ پاکستان قومی تاریخ کا ایک درخشاں باب ہے جو ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے مشترکہ جدوجہد کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ علاقائی و عالمی حالات کے تناظر میں قومی یکجہتی ناگزیر ہو چکی ہے اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تقریب میں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال چدھڑ کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا۔ پنجاب پولیس، پیرا فورس اور ریسکیو 1122 کے چاک و چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، جبکہ فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کی قراردادِ پاکستان برصغیر کے مسلمانوں کے عزمِ صمیم کی مظہر ہے، جس نے ایک آزاد اور خودمختار ریاست کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے خطے کی کشیدہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کے باوجود ہماری مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پوری قوم ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال چدھڑ نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں قانون کی بالادستی، امن و امان کے قیام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کی یاد دہانی کراتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس فورس عوام کے تعاون سے امن کے قیام اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔

تقریب میں ضلعی افسران، ممبرانِ امن کمیٹی، سول سوسائٹی کے نمائندگان، انجمنِ تاجران، مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی یکجہتی، حب الوطنی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں