پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کو سی این جی اسٹیشنز کے لیے گیس فراہم کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث صوبے میں عوامی مشکلات بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ رابطے کے بعد مزمل اسلم نے وفاقی حکومت کے مؤقف سے وزیراعلیٰ کو آگاہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزمل اسلم نے گفتگو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ سی این جی اسٹیشنز کی بندش کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، خصوصاً ٹرانسپورٹ اور روزمرہ سفری سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ ملک میں اس وقت گیس کی شدید کمی ہے، تاہم ایل این جی کی درآمد کے بعد اضافی گیس کی دستیابی پر خیبر پختونخوا کو فراہمی کے معاملے پر غور کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ گیس کی قلت کے باعث پہلے ہی مختلف شعبے متاثر ہیں، جبکہ سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی عدم فراہمی سے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔


