حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) صدر حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری سلیم میمن نے حیدرآباد میں سیف سٹی پروجیکٹ کے عملی آغاز کے موقع پر ایس ایس پی آفس حیدرآباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کو شہر کے محفوظ، منظم اور ترقی یافتہ مستقبل کی جانب ایک تاریخی، دور رس اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔ انہوں نے حکومت سندھ، آئی جی پی سندھ جاوید عالم، سندھ پولیس، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ایس ایس پی حیدرآباد شازیب چاچر، کمیونٹی پولیسنگ کراچی کے چیئرمین مراد علی سونی، چیئرمین حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن و چیف سی پی کے حیدرآباد رینج زبیر گھانگھرا، ڈپٹی چیف سی پی کے عمران سروردی، ضلعی انتظامیہ، اور اس اہم عوامی و کاروباری شراکت داری سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو دلی مبارکباد پیش کی۔سلیم میمن نے کہا کہ آج کی دنیا میں ترقی، مؤثر نظم و نسق، اور شہری تحفظ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے۔ جس طرح دنیا بھر میں ٹیکنالوجی نے انسانی محنت، وقت، اور وسائل کے دباؤ کو کم کرتے ہوئے کارکردگی میں اضافہ کیا ہے، اسی طرح حیدرآباد جیسے بڑے تجارتی و صنعتی شہر میں جدید نگرانی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محدود انسانی وسائل اور پولیس نفری کی کمی جیسے چیلنجز کے پیش نظر ٹیکنالوجی سے لیس سیف سٹی منصوبہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے ایک مؤثر معاون ثابت ہوگا، جو کم افرادی قوت کے باوجود زیادہ بہتر نگرانی، فوری رسپانس، اور جرائم کی روک تھام کو ممکن بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیف سٹی منصوبہ محض کیمروں کی تنصیب نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری اعتماد، تجارتی تحفظ، صنعتی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ، اور سماجی بہتری کی مضبوط بنیاد ہے۔ اس منصوبے سے اسٹریٹ کرائم میں کمی، مشکوک سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی، داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی، اور فوری قانونی ردعمل کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔صدر چیمبر نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کی طرز پر حیدرآباد میں سیف سٹی منصوبے کے قیام کے لیے ہر پلیٹ فارم پر مسلسل آواز بلند کرتا رہا ہے۔انہوں نے سندھ پولیس، ضلعی انتظامیہ، کمیونٹی پولیسنگ کراچی، اور کاروباری برادری کے باہمی تعاون کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی ایک بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اشتراک نہ صرف شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو مضبوط کرے گا بلکہ تاجروں، صنعتکاروں، سرمایہ کاروں، اور عام شہریوں میں اعتماد بھی بڑھائے گا۔سلیم میمن نے کہا کہ حیدرآباد پاکستان کے اہم کاروباری شہروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہزاروں کاروبار، صنعتی یونٹس، اور تجارتی مراکز ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے میں سیف سٹی منصوبہ بھتہ خوری، چوری، ڈکیتی، اور دیگر جرائم کی روک تھام کے ذریعے کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ اور مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کو مرحلہ وار شہر کے تمام بڑے تجارتی علاقوں، صنعتی زونز، مارکیٹوں، تعلیمی اداروں، داخلی و خارجی راستوں، اور حساس مقامات تک توسیع دی جائے گی تاکہ حیدرآباد حقیقی معنوں میں ایک محفوظ، جدید، اور کاروبار دوست شہر بن سکے۔صدر چیمبر نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری ماضی کی طرح آئندہ بھی شہر کے امن، معاشی استحکام، جدید ترقی، اور شہری فلاح کے ہر مثبت اقدام میں سندھ پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور کاروباری برادری کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
سیکریٹری جنرل


