نوابشاہ(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) ضلع شہید بے نظیر آباد کی جانب سے یکم مئی یومِ مزدور کے موقع پر تاریخی جدوجہد کی علامت شکاگو کے مزدوروں کو سرخ سلام پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع میں بدامنی، سرعام منشیات کی فروخت، اسکولوں کی بندش اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاجی ریلی ایس ٹی پی کے وائس چیئرمین نثار احمد کیریو، شاہنواز کیریو، رفیق ملاح، بڈل مگسی اور عاقب جتوئی کی قیادت میں ریگل چوک سکرنڈ روڈ سے شروع ہو کر پریس کلب نوابشاہ تک پہنچی، جہاں شرکاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع شہید بے نظیر آباد میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، منشیات کھلے عام فروخت ہو رہی ہیں، تعلیمی ادارے بند پڑے ہیں اور مہنگائی نے مزدور اور غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ مزدور ہمیں محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ اور استحصال کے خلاف جدوجہد کا پیغام دیتا ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ضلع میں بدامنی اور منشیات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، اسکولوں کو فعال بنایا جائے، مہنگائی پر قابو پا کر مزدوروں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے اور محنت کش طبقے کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔


