جنوبی وزیرستان(ایچ آراین ڈبلیو)جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے میں مبینہ طور پر افغان طالبان کی جانب سے مارٹر گولہ فائر کیے جانے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد زخمی ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 29 اپریل 2026 کو انگور اڈہ سے ملحقہ علاقے میں مارٹر گولہ فائر کیا گیا جو مقامی شہری کریم خان اور رحمت اللہ کے گھر پر آ گرا۔
واقعے کے نتیجے میں گھر کے اندر موجود ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہوئے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اشفاق کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور انہیں ضروری علاج دیا جا رہا ہے۔
متاثرہ شہری نور علی نے بتایا کہ گولہ اچانک گھر پر آ گرا جس کے باعث زور دار دھماکا ہوا جبکہ دیگر اہل علاقہ کے مطابق دھماکے سے پورا گھر لرز اٹھا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے ہونے والی اس طرح کی کارروائیوں سے عام شہری خصوصاً بچے متاثر ہو رہے ہیں اور علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری آبادی کو نشانہ بنانا قابل افسوس ہے اور اس قسم کے واقعات خطے میں امن و امان کے لیے خطرہ ہیں۔


