پاکپتن میں عیدالفطر پر حفاظتی اقدامات، ضلع میں دفعہ 144 نافذ

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت اہم پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ یہ احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے اور 25 مارچ 2026ء تک جاری رہیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع پاکپتن کی حدود میں عید تعطیلات کے دوران دریائے ستلج، نہروں اور ڈسٹری بیوٹریز پر نہانے، تیراکی اور کشتی رانی پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

اسی طرح موٹر سائیکل سواروں کی ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی اقدامات پر بھی سختی سے پابندی لگائی گئی ہے۔

آصف رضا نے کہا کہ یہ اقدامات عوام کے تحفظ اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ شہریوں پر زور دیا گیا کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی غیر ذمہ دارانہ سرگرمی سے گریز کریں۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، اور خلاف ورزی کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلعی انتظامیہ عید کے دوران شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں