ڈپٹی کمشنر جامشورو کا عیدالفطر کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس

جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری کی زیر صدارت دربار ہال میں عیدالفطر کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں 23 مارچ کی تقریبات اور ممکنہ بارشوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر پیر منظور احمد، اے ڈی سی ٹو ڈاکٹر عدنان منیر تنیو، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اللہ بچایو لاکو، مختلف تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران عید کے موقع پر شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عید کے دوران ضلع بھر میں صفائی، سیکیورٹی، ٹریفک کی روانی اور دیگر انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات مکمل کرنے اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے بلدیاتی اداروں کو کہا کہ عیدگاہوں، مساجد، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر مؤثر صفائی کے انتظامات کیے جائیں۔ بازاروں، پارکس اور تفریحی مقامات پر رش کے پیش نظر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں اور ٹریفک انتظامیہ کو جامع ٹریفک پلان پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی نگرانی کریں اور محکمہ صحت کو کہا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینس سروس کو مکمل طور پر الرٹ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عیدالفطر کے دوران ضلعی انتظامیہ کے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کریں گے تاکہ شہریوں کو عید کے موقع پر پرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں