اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 16 جنوری سے بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 1 روپے 82 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 08 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے اثرات مقامی سطح پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرول کی فی بیرل قیمت میں 2 ڈالر 74 سینٹ کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 69.27 ڈالر فی بیرل سے کم ہو کر 66.54 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
اسی طرح پیٹرول پریمیم میں بھی 13 سینٹ فی بیرل کمی ہوئی ہے، جس کے بعد پریمیم 5 ڈالر 14 سینٹ سے کم ہو کر 5 ڈالر 01 سینٹ ہو گیا۔ پیٹرول پر فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی میں 72 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 68 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں مجموعی طور پر 6 روپے 51 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے، جس کے بعد قیمت 145 روپے 57 پیسے سے کم ہو کر 139 روپے 06 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی عالمی قیمت میں بھی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ ڈیزل کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر 33 سینٹ کمی کے بعد 76.32 ڈالر سے کم ہو کر 73.99 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ ڈیزل پر فی بیرل کسٹم ڈیوٹی میں 80 پیسے اور ایکسچینج ایڈجسٹمنٹ میں 35 پیسے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں 5 روپے 33 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے، جس کے بعد قیمت 155 روپے 33 پیسے سے کم ہو کر 149 روپے 99 پیسے فی لیٹر پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر وزیراعظم کی جانب سے منظوری دے دی گئی تو عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس کمی کا براہِ راست فائدہ حاصل ہو گا۔


