لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان میں نئے کرنسی نوٹ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو نوٹوں کے حتمی ڈیزائن کی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کی اجازت کا انتظار ہے۔
سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن نے بتایا ہے کہ نئی کرنسی جدید اور مؤثر سکیورٹی فیچرز سے آراستہ ہوگی، تاہم تاحال نوٹوں کے حتمی ڈیزائن موصول نہیں ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی منظوری ملتے ہی نئی کرنسی کی چھپائی شروع کر دی جائے گی، جس میں کم از کم دو ماہ کا وقت درکار ہوگا۔ اس مقصد کے لیے جدید مشینری پہلے ہی دستیاب ہے۔
سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے سینئر منیجر پرنٹنگ عامر شمس کے مطابق اسٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کے درمیان نئی کرنسی کی چھپائی سے متعلق مشاورت مکمل ہو چکی ہے، اور اجازت ملتے ہی عملی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔


