سینیٹر روبینہ خالد کا کراچی میں ٹی ایم سی سہراب گوٹھ کا دورہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرپرسن بینظیرانکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)سینیٹر روبینہ خالد نے آج کراچی میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) سہراب گوٹھ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ٹی ایم سی سہراب گوٹھ لالہ رحیم اور پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی بھی موجود تھیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ بی آئی ایس پی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وژن ہے، جس کا مقصد ملک کے محروم اور مستحق طبقات، خصوصاً خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام میں مستحق خواتین کو گھر کی سربراہ تسلیم کیا گیا ہے، جس سے نہ صرف قومی شناخت حاصل ہوئی بلکہ معاشی خودمختاری اور سیاسی عمل میں حصہ لینے کا حق بھی ملا۔

چیئرپرسن نے مزید کہا کہ بی آئی ایس پی ایک غیر جماعتی پروگرام ہے اور اس کا مقصد ہر مستحق خاندان کی مدد کرنا ہے، بغض نسل، زبان یا سیاسی وابستگی کے۔ آج ایک کروڑ سے زائد خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے تحت خواتین ہنر سیکھنے کے لیے رجسٹریشن کرا سکتی ہیں، تاکہ نوجوان باعزت روزگار حاصل کریں اور خود کفیل بنیں۔ اس کے علاوہ بی آئی ایس پی کے ادائیگی نظام میں نمایاں بہتری لائی گئی ہے اور ڈیجیٹل والٹ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جس سے موبائل اور بینک ایجنٹس کے ذریعے خدمات فراہم کی جائیں گی۔

سینیٹر روبینہ خالد نے زور دیا کہ بی آئی ایس پی کی خدمات مکمل طور پر مفت ہیں اور کسی قسم کی فیس یا رشوت کی درخواست غیر قانونی ہے۔ پروگرام میں شکایات درج کرنے کے لیے ہیلپ لائن نمبر 080026477 اور سرکاری دفاتر دستیاب ہیں۔

دورے کے اختتام پر سینیٹر روبینہ خالد نے شرکاء کے ہمراہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں