لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)جمعیت علماء پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے پاکستان کے حکمرانوں کو بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے انجام سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ طاقت کے نشے میں عوامی حقوق غصب کرنے والے اللہ کے غضب سے محفوظ نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنی روش ترک کرتے ہوئے عوام کے درد کا احساس کرنا چاہیے اور ملک کو مزید انتشار کی طرف دھکیلنے سے باز آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کو دبانے اور سیاسی انتقام کی سیاست ملک اور جمہوریت دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
صاحبزادہ زبیر نے زور دے کر کہا کہ ملک کو موجودہ بحران سے نکالنے کے لیے نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ کی ضرورت ہے، نیز حکمرانوں کو طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور مصالحت کی پالیسی اپنانی چاہیے۔


