کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز سندھ نے ڈاکس کالونی کیماڑی سے اسماعیل نامی خطرناک مجرم کو گرفتار کر لیا، جو غیر قانونی اسلحہ کی خریدوفروخت، منشیات کی تجارت اور ڈکیتیوں میں ملوث تھا۔
ملزم کے قبضے سے 6 پستول، 11 میگزین، 160 گولیاں، اور 1 کلوگرام سے زائد منشیات (حشیش، آئیس اور ہیروئن) برآمد ہوئیں۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ درہ آدم خیل سے اسلحہ لاکر کراچی میں فروخت کرتا تھا اور ایک پستول قتل کی واردات میں استعمال ہوا تھا۔
یہ ملزم ایک عادی مجرم ہے جو پہلے بھی مختلف کیسز میں گرفتار ہو چکا ہے۔ گرفتار ملزم کو اسلحہ و منشیات کے ساتھ مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے مجرموں کی معلومات ہیلپ لائن 1101 یا واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر فراہم کریں۔


