کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے گذشتہ روزاسٹیئرنگ کمیٹی کی میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاہےکہ ستائیسویں ترمیم میں شہروں کےبلدیاتی اختیارات میں اضافہ کیاجائے۔ ترامیم جمہوری معاشرے کی بہتری کے لئے لازمی جزو ہے، اصل مسئلہ عوام کےمفادات کا تحفظ ہے۔بیس لاکھ سےزائد آبادی والےشہروں کی اپنی انتظامیہ اور اپنا بجٹ ہونا چاہیے۔ بجٹ آبادی اور آمدنی کی بنیاد پر مختص کیا جائے تاکہ شہریوں کے بنیادی مسائل مقامی سطح پر فوری حل ہو سکیں۔ شہر کا انتظام، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پولیس، مئیرکےماتحت ہونے چاہئیں تاکہ عوام کےمنتخب نمائندے براہِ راست جواب دہ ہوں۔ شہری انتظامیہ کومکمل مالی وانتظامی خود مختار ی دی جائے۔ ملک کوجمہوریت سے زیادہ انتظامی معاملات میں سدھار کی ضرورت ہے۔ بدقسمتی سے کراچی جیسے اہم شہروں کو جمہوری ادوار میں سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیاہے۔ اور یہی لاپرواہی اور کراچی کے ایشوز سے عدم دلچسپی کراچی کو روز بروز تباہی کی جانب دھکیل رہی ہے۔ جمہوری ادوار میں بھی شہری مسائل کے حل کے بجائے سیاسی مفادات کو ترجیح دی گئی، جس کا نتیجہ آج تباہ حال شہری انفراسٹرکچر، ناقص بلدیاتی خدمات، اور بدانتظامی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ اگر سیاست دان مسائل حل نہیں کر سکتے ہیں تو ملک کے مفاد میں ان کی بساط لپیٹ دینی چاہیے۔ سیاسی ادارے مصلحت، عصبیت اور منافقت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔ لہٰذا ضروری ہے کہ شہری حکومتوں میں مقامی اسٹیک ہولڈرز، تاجروں، سول سوسائٹی، ماہرینِ شہری منصوبہ بندی، اور عوامی نمائندوں کو کلیدی کردار دیا جائے تاکہ ایک شفاف، جواب دہ، اور فعال نظام قائم ہو سکے۔ 27ترمیم ویں آئینی ترمیم کے ذریعے مقامی حکومتوں کو آئینی تحفظ اور حقیقی خودمختاری دی جائے، یہی ملکی ترقی، شہری خوشحالی، اور عوامی اعتماد کی بحالی کا واحد راستہ ہے-


