کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ہیومن رائٹس کاؤنسل آف پاکستان کے زیراہتمام ایک عظیم الشان احتجاجی مظاہرہ کراچی پریس کلب کے باہر منعقد ہوا، جس کی قیادت چیئرمین ہیومن رائٹس کاؤنسل آف پاکستان جناب جمشید حسین اور سندھ کے صدر ڈاکٹر محبوب نوناری نے کی۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں مختلف ڈسٹرکٹس کے عہدیداران و کارکنان اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین جمشید حسین نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ:”Global Sumund Flotilla” کے ذریعے ہمارے فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے کارکنان اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر وہاں پہنچے ہیں۔ یہ ایک نہایت جراتمندانہ اور تاریخی قدم ہے۔ حکومتِ پاکستان پر لازم ہے کہ وہ ان بہادران کی حفاظت کے لیے اقدامات کرے، جس طرح دیگر ممالک نے اپنے بحری جہاز بھیج کر ان کی حفاظت یقینی بنائی۔ پاکستان کو بھی اسی طرح اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ دنیا بھر میں ہمارے فلسطینی بھائیوں کو یہ پیغام ملے کہ پاکستانی عوام اور حکومت ان کے ساتھ ہیں۔
سندھ کے صدر ڈاکٹر محبوب نوناری نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری بحریہ دنیا کی بہترین نیوی میں شمار ہوتی ہے، مگر آج فلسطینی عوام کے ساتھ خاموشی ایک افسوسناک سوالیہ نشان ہے۔ ہماری بحریہ کو بھی اس قافلے کی حفاظت کرنی چاہیے تاکہ عملی طور پر دنیا کو یہ پیغام ملے کہ پاکستان اپنے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایسٹ کی قدر قراتلعین، ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر ڈاکٹر بشیر درس، ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر راجہ اظہر محمود اور کراچی ڈویژن کے ترجمان ارسلان حسین صدیقی نے بھی مختصر مگر مؤثر خطاب کیا اور فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
مقررین نے عالمی برادری اور بالخصوص حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی مدد کے لیے عملی اقدامات کرے اور Global Flotilla کی مکمل سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے فوری حکمت عملی اختیار کرے۔


