کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ضلع کورنگی میں مبینہ پولیس گردی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ تھانہ عوامی کالونی کے ایس ایچ او عدنان بخاری پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے کورنگی نمبر 4 موبائل مارکیٹ کے سیکیورٹی انچارج اور تاجر شہروز علی قاضی کے ساتھ بدسلوکی اور تشدد کیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور متاثرہ شخص کا ویڈیو بیان منظرِ عام پر آ گیا ہے۔ ویڈیو بیان میں شہروز علی قاضی نے بتایا کہ رات تقریباً 4 بجے متعدد پولیس موبائلیں مارکیٹ میں داخل ہوئیں اور انہیں بلاجواز تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔متاثرہ سیکیورٹی انچارج کے مطابق، “پولیس اہلکاروں نے مجھ پر تشدد کیا اور بعد ازاں چھوڑتے ہوئے دھمکی دی کہ دوبارہ یہاں نظر نہ آؤ۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ شہر کو ریونیو دینے والے تاجروں اور کاروباری افراد کے ساتھ ایسا رویہ کیوں اختیار کیا جا رہا ہے۔
شہروز علی قاضی نے مزید کہا کہ پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، مگر اس کے برعکس کاروباری طبقے کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے بعد تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس کے رویے پر سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں۔
متاثرہ فریق نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا نوٹس لے کر شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ دوسری جانب سندھ پولیس کی جانب سے تاحال اس واقعے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔


