کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری دامت برکاتہم العالیہ نے کہا کہ ہر شخص کی طبیعت مختلف ہوتی ہے، کوئی تنہائی میں خوش رہتا ہے توکوئی لوگوں کے درمیان، لیکن صحبت کا اچھا ہونا بہت ضروری ہے، کیونکہ جھوٹ، غیبت، چغلی اور کئی طرح کے گناہ عموماً لوگوں کے درمیان ہوتے ہیں جبکہ تنہائی میں یہ گناہ کم ہوتے ہیں ، ان خیالات کااظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں منعقدہ مدنی مذاکرے میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ اچھی صحبت اکیلے رہنے سے بہتر ہے لیکن اگر صحبت بری ہو تو ایسی صحبت سے اکیلا رہنا زیادہ بہتر ہے، دین کا علم سیکھنے اور سکھانے کی محفل سب سے اچھی صحبت ہے، کیونکہ جب علم ہوگا تو گفتگو بھی اچھی ہوگی، جن لوگوں کو علم دین نہیں ہوتا وہ اکثر گفتگو میں بے احتیاطی کر بیٹھتے ہیں اور بعض تو جہالت کی وجہ سے کفریہ جملے بھی بول دیتے ہیں اور ایسے موقع پر کچھ نادان لوگ ان کی تائید بھی کردیتے ہیں جو کہ انتہائی مہلک ہے، بعض لوگ جھوٹ بول دیتے ہیں یا دیگر گناہوں کے مرتکب ہوتے ہیں اور ان کے پاس بیٹھنے والے بھی ان کی ان حرکتوں پر خوش ہو رہے ہوتے ہیں اس طرح وہ لوگ بھی مشکل میں پڑ جاتے ہیں، گناہ کا کوئی بھی سبب ہو، وہ اچھا نہیں ہوتا،تنہائی میں بھی نیکی ،نیکی ہے اور گناہ ،گناہ ہی رہے گا۔ امیر اہل سنت نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سوشل میڈیا پر حالات بہت ب خراب ہیں، جس کی عزت اچھالنی ہو، وہاں آسانی سے اچھال دی جاتی ہے، مگر یاد رہے کہ اللہ پاک سب کچھ دیکھ رہا ہے اور نامہ اعمال لکھنے والے فرشتے ہر چیز نوٹ کر رہے ہیں، اس لئے اللہ پاک سے ڈرنا چاہئے، سوشل میڈیا سے اچھےفوائد حاصل کئے جا سکتے ہیں،انہی ذرائع کے ذریعے دین کا علم بھی سیکھا جا سکتا ہے، لہذا ہمیں چاہئے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا مثبت استعمال کریں-


