33

کورنگی میں فائرنگ کےواقعات، تین افراد جاں بحق، ملزمان تاحال گرفتارنہ ہوسکے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے علاقے کورنگی میں فائرنگ کے مسلسل واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ تازہ واقعے میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کاروباری شخصیت کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت یاسین کے نام سے ہوئی ہے۔ یہ واقعہ کورنگی سو کوارٹر سیکٹر 50-C میں ملائی ہوٹل کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی علاقے میں اس سے قبل بھی ایک نوجوان، جس کا نام بھی یاسین بتایا جاتا ہے، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو چکا ہے، جبکہ “ببلی” نامی شخص بھی اسی طرز کے ایک اور واقعے میں قتل کیا گیا تھا۔اہم بات یہ ہے کہ پہلے پیش آنے والے قتل کے واقعے میں ملوث ملزمان کو تاحال پولیس گرفتار نہیں کر سکی، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اگر پہلے واقعے میں بروقت اور مؤثر کارروائی کی جاتی تو ممکن ہے ایک اور قیمتی جان ضائع ہونے سے بچ جاتی۔

یہ تینوں واقعات تھانہ زمان ٹاؤن کی حدود میں پیش آئے ہیں، جس کے بعد علاقے میں خوف کی فضا قائم ہے۔ شہریوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں، شواہد جمع کیے جا رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ تاہم شہریوں میں یہ خدشہ بھی پایا جاتا ہے کہ کہیں یہ مقدمات بھی دیگر کیسز کی طرح التوا کا شکار نہ ہو جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں