حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)لیاقت یونیورسٹی ہسپتال حیدرآباد و جامشورو میں فوری طور پر بہتری لانے کے لیے صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹرعذرا فضل پیچوہوکی خصوصی ہدایت پرلیاقت ہسپتال حیدرآباد وجام شورو کے میڈیکل سپرٹینڈنٹ ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری کی زیر صدارت ایک اعلی سطحی اجلاس ہسپتال کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جس میں تمام اے ایم ایس اور آر ایم اوز سمیت شعبہ جات کے انچارجز اور ورکس اینڈ بلڈنگز سروسز کے افسران نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ہسپتال کے انتظامی امور میں آنے والے درپیش مسائل کے حل اور ہسپتال کی ترقی و مزید بہتری کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں مختلف وارڈ اور دیگر شعبہ جات کو مزید جدید اور زیادہ بہتر کرنے کے لیے تجاویز لی گئیںتاکہ پوری سندھ سے آنے والے غریب مریضوں کو گورنمنٹ آف سندھ کے وژن کے مطابق بہترین و جدید علاج کی سہولیات زیادہ سے زیادہ فراہم کی جاسکیں جبکہ تمام ضروری غیر فعال مشنری کو درست کرنے سمیت مختلف شعبہ جات کی عمارتوںکی تزین و آرائش اور نئی عمارتوں کی تعمیر کے حوالے سے فیصلے بھی کیے گئے۔ایم ایس ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر محمد علی قائم خانی،ڈائریکٹر اائی سی یو ڈاکٹر کاشف علی میمن، اے ایم ایس ڈاکٹر غلام مرتضی میمن، اے ایم ایس ڈاکٹر مجیب الرحمن کلوڑ ،اے ایم ایس ڈاکٹر نیاز حسین ببر، اے ایم ایس ڈاکٹر پونم جتوئی، اے ایم ایس ڈاکٹر سیدہ نرگس شاہ، اے ایم ایس ڈاکٹرثمرین میمن اور دیگر آر ایم اوز صاحبان، انچارجز شعبہ جات اور ورکس اینڈ بلڈنگز سروسز کے افسران شریک ہوئے ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر علی اکبر ڈاہری نے ورکس اینڈ بلڈنگز سروسز کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر اسپتال میں جاری کاموں کو پایہ تکمیل کو پہنچائیں اور نئے کاموں کا آغاز کیا جائے تاکہ تعمیر شدہ عمارتوں میں مریضوں کو علاج و معالجہ کی سہولیات فوری شروع کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مزید بہتری لانے سمیت مریضوں کو تمام طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کی خصوصی ہدایات کے تحت یہ اجلاس منعقد کیا گیا ہے انہوں نے ہسپتال میں فوری طور پر بہتری لانے کے لیے ہر نقطہ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور نئی اصلاحات لاتے ہوئے تمام غیر فعال مشنری کو درست کرنے جبکہ نئی مشنری کی خریداری اور آپریشن میں استعمال ہونے والے اوزاروں سمیت وارڈوں میں استعمال ہونے والے اوزاروں کی فہرست وارڈوں اور آپریشن تھیٹر، شعبہ جات میں آویزاں کی جائیں گی ۔اجلاس میں تمام رجسٹرار ایڈمن وانچارجز شعبہ جات و عملے کی کمی، طبی آلات و مشنری کی ضرورت کے متعلق ایم ایس کو آگاہ کیا گیا جس پر ایم ایس نے تمام نکات کو سنجیدگی سے سنا اور فوری اقدامات اٹھانے سمیت انہیں حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ہمیں ہسپتال کے انتظامی امور میں آنے والی کسی بھی قسم کی رکاوٹوں کو سامنا کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے جبکہ مریضوں کے ساتھ بہترین اخلاقی، تہذیبی اور دوستانہ رویہ رکھا جائے اور غیر اخلاقی رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


