کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) میں “بی دا چینج؛ بریک دی سائلنس آن ایچ پی وی” کے عنوان سے ایک خصوصی آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں ایچ پی وی ویکسین سے متعلق پھیلی ہوئی غلط فہمیوں کے خاتمے اور عوامی شعور بڑھانے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر این آئی سی ایچ ڈاکٹر ناصر سمیت پروفیسر موہسنا ابراہیم، ڈاکٹر نگہت شاہ، ڈاکٹر کنزہ طارق، شارمیلا فاروقی اور شبانہ نذیر جیسے معروف ماہرین صحت نے شرکت کی۔ مقررین نے سروائیکل کینسر کے خطرات اور اس سے بچاؤ کے لیے ایچ پی وی ویکسین کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
پروگرام میں رول پلے کے ذریعے معاشرتی مفروضوں کو مزاحیہ انداز میں چیلنج کیا گیا، جبکہ بچوں اور ماؤں کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور بیوٹی اسٹالز کا اہتمام بھی کیا گیا۔ تقریب کے دوران ایک سروائیکل کینسر سے صحتیاب مریضہ نے اپنی کہانی شیئر کر کے شرکاء میں اس مرض کے بارے میں بیداری پیدا کی۔ یہ سیشن ویکسینیشن کے حوالے سے عوامی رکاوٹوں کو دور کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔


