امام حسین وہ خوشبوئےرسول ﷺ ہیں جوآج بھی امت کو معطر رکھے ہوئے ہے

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں سالانہ ”ذکر نواسہ رسول ﷺ کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کےسربراہ اورتحریک صراط مستقیم کےبانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: سیدنا امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ وہ خوشبوئے رسول ﷺ ہیں جو آج بھی امت کو معطر رکھے ہوئے ہے۔ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی جدوجہد سے عشقِ غیور سرخرو ہوا۔ آپ رضی اللہ عنہ نےامر بالمعروف اور نہی عن المنکر کے سلسلہ میں مثالی کردار ادا کیا۔ ختم المرسلین ﷺ، امام حسن اور امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے خود بھی محبت فرمائی اورامت کوان سےمحبت کا حکم فرمایا اور اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اے اللہ حسینین کریمین رضی اللہ عنہما کے محبین سے تو محبت فرما۔ آپ رضی اللہ عنہ نے، آپ رضی اللہ عنہ کے خاندان کے عظیم افراد نے اور آپ کے احباب و اصحاب نے میدانِ کربلا میں تعلیماتِ اسلامیہ کے خدوخال کو اجاگر کیا۔ حضرات حسنین کریمین رضی اللہ عنہ اور اصحابِ رسول ﷺ کے درمیان محبت و عقیدت کے مثالی تعلقات تھے۔ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ نے فرمایا: اے لوگو! ہم سے اسلامی محبت کرو اور ہمیں جو ہمارا مقام و مرتبہ ہے، اس سے آگے نہ لے جاؤ۔ اور فرمایا: جو ہم سے اللہ تعالیٰ کے لیے محبت کرے گا، آپ رضی اللہ عنہ نے اپنی دو انگلیوں کو ملاتے ہوئے کہا: میں اسے اپنے ساتھ یوں ملا کررسول اللہ ﷺ کی بارگاہ میں لے جاؤں گا۔ پیر سید محمد عبد الشکور شاہ صاحب اور شیخ الحدیث مفتی محمد ارشاد احمد حقانی جلالی نے کانفرنس کی صدارت کی جبکہ قاری فرمان علی حیدری، علامہ محمد فیاض وٹو جلالی، علامہ محمد صدیق مصحفی، علامہ محمد مظہر اقبال نورانی نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں شیخ الحدیث مفتی محمد زاہد نعمانی، مفتی محمد صمصام مجددی، مفتی محمد شاہد عمران جلالی، علامہ محمد وسیم عباسی، علامہ محمد جمیل بیگ جلالی، مفتی محمد کامران جلالی، علامہ محمد عادل جلالی، قاری محمد اصغر علی جلالی، علامہ محمد حامد مصطفی جلالی، ڈاکٹر محمد اظہر اللہ جلالی سمیت کثیر تعداد میں علماء و عوام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں