کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوامی شکایات کے پیش نظر سیکٹر الیون ایل نارتھ کراچی میں واقع فاروقیہ پارک کاہنگامی دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین یو سی 11 غضنفر علی خان، وائس چیئرمین عمران شفیق،یوسی فائیو کے وائس چیئرمین توقیر خان اورڈائریکٹرپارکس آفتاب احمد بھی ان کےہمراہ موجود تھے۔دورے کےدوران چیئرمین محمد یوسف نےپارک میں صفائی ستھرائی، لائٹس کی خرابی، بیٹھنے کی جگہوں کی ٹوٹ پھوٹ اور جھولوں کی حالت زار کا جائزہ لیا۔ اہلیان سیکٹر 11-L نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف سےشکایات کی تھیں کہ فاروقیہ پارک کی حالت عرصہ درازسے خراب ہے، جبکہ بچوں کے کھیلنے کے جھولے بھی ٹوٹے ہوئے ہیں اورشام کےاوقات میں روشنی کامناسب انتظام نہیں۔چیئرمین محمد یوسف نےموقع پر موجود ڈائریکٹر پارکس آفتاب احمد کو ہدایت دی کہ پارک کی فوری تزئین و آرائش، جھولوں کی مرمت، روشنی کا بہتر انتظام اور صفائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تفریحی مقامات شہریوں کا حق ہیں اور ان کی دیکھ بھال اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں موجود تمام پارکس کا مرحلہ وار جائزہ لیا جائے گا اور جہاں کہیں شکایات آئیں، فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔علاقہ مکینوں نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کی جانب سے فوری ایکشن لینے پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کے عوام دوست رویے کو سراہا۔


