جامعہ کراچی کےسابق وائس چانسلر کوپروفیسرایمریطس کے عہدے پر فائز کرنے کی منظوری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کااجلاس جمعرات کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ظفرسعید سیفی کوایچ ای سی کی پالیسی اور ان کی طویل تدریسی، تحقیقی وانتظامی خدمات کے اعتراف میں پروفیسرایمریطس کے عہدے پر فائزکرنے کی متفقہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی پالیسی کے مطابق پروفیسرآف پریکٹس کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری اینڈکیمیکل ٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسرمحمد زاہد فرہاد اور شعبہ فوڈسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر لبنیٰ مبین کو انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ریمول فرام سروس(Removal From Service)اوران سے ریکوری کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں جامعہ کراچی کے ملازمین کو تعلیمی قابلیت اور اَپ گریڈیشن کی بنیاد پر ملنے والے گریڈ کے حوالے سے حکومتی قوانین کے مطابق ورکنگ پیپر تیارکرنے کے لئے ایک چاررکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جس کے کنوینرپروفیسرڈاکٹر حارث شعیب جبکہ دیگر ممبران میں پروفیسرڈاکٹر صالحہ رحمن،ناظم مالیات سید جہانزیب اور ڈاکٹر محمد حسان اوج شامل ہیں۔مذکورہ کمیٹی ورکنگ پیپرتیارکرکے سنڈیکیٹ کے آئندہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

اجلاس میں سنڈیکیٹ کے اجلاس مورخہ 17 اپریل 2025 ء کی توثیق قراردادوں پر عملدرآمد کی رپورٹ کی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں سلیکشن بورڈ کے اجلاس مورخہ 17 اور18 جون2025 ء کی رودادوں کی توثیق کی گئی۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات پر نئے صدورکی تقرری کی منظوری دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں