حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)جےایس اینویسٹمنٹ لمیٹڈاورحیدرآباد چیمبرآف اسمال ٹریڈرزاینڈ اسمال انڈسٹری کےباہمی اشتراک سے جے ایس ہوٹل رئیٹ (JS Hotel REIT) کے موضوع پر ایک آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا جو کہ پاکستان کا پہلا شریعت کے مطابق برانڈڈ گرین ہاسپیٹیلٹی رئیٹ ہے۔
پروگرام سےخطاب کرتےہوئے قائم مقام صدر احمد ادریس چوہان نے کہا کہ ایسے منصوبے حیدرآباد کی کاروباری برادری کے لیے محفوظ، نفع بخش اور شرعی اُصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے نادر مواقع فراہم کرتے ہیں۔
اُنہوں نےکہا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کا ہمیشہ یہی مقصد رہا ہے کہ مقامی تاجروں کو جدید سرمایہ کاری کے مواقع مہیا کئےجائیں۔اُنہوں نےجےایس اینویسٹمنٹ لمیٹڈ کی جانب سےاِس شاندارمنصوبےکےآغازپرادارے کی کاوشوں کوسراہا۔نائب صدر شان سہگل نے اپنے خطاب میں جے ایس ہوٹل رئیٹ کوکاروباری طبقے کے لیے شریعت کے مطابق ایک مثالی سرمایہ کاری موقع قرار دیا۔
اُنہوں نےاِس بات پرزوردیا کہ ایسےنئے منصوبوں کے بارے میں سرمایہ کاروں کو مکمل آگاہی دینا بھی ضروری ہے کیونکہ شہر میں پہلے سے موجود کاروباری طبقہ جو پُرانے طرز پر کام کر رہا ہے اِن تبدیلیوں سے بعض اوقات تذبذب کا شکار ہو جاتا ہے۔ اِس لیے صرف بڑے ایونٹس کے بجائے کاروباری طبقے کو اعتماد میں لینے کے لیے B2B میٹنگز، کارنر سیشنز اور تفصیلی مشاورتی نشستیں منعقد کی جائیں تاکہ لوگ سرمایہ کاری کے نئے ماڈلز کو سمجھیں اور اعتماد کے ساتھ حصہ لیں۔
جے ایس اینویسٹمنٹ لمیٹڈ کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر عفت زہرہ ملکانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے ایس ہوٹل رئیٹ صرف ایک سرمایہ کاری کاموقع نہیں بلکہ حیدرآباد میں عالمی معیارکےہوٹل کی تعمیر کے ذریعے شہر کی سیاحت، روزگار اور کاروباری مواقع کو فروغ دینے کا ایک مکمل ویژن ہے۔
اِس موقع پرجےایس اینویسٹمنٹ لمیٹڈ کے نائب صدر مصعب اقبال نے تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے منصوبے کے نکات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک 4 اسٹار بین الاقوامی ہوٹل منصوبہ ہے جس میں 139 کمرے ہوں گے جو قاسم آباد حیدرآباد میں تعمیر کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ ”ایس ای سی پی” کے رئیٹ ضوابط کے تحت تشکیل دیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکے۔ اِس کی کل سرمایہ کاری کا حجم تقریباً 4.5 اَرب روپے ہوگا جس میں سے 3.5 اَرب روپے پرائیویٹ پلیسمنٹ جبکہ 1 اَرب روپے ”آئی پی او” کے ذریعے حاصل کئے جائیں گے۔ ایک یونٹ کی ابتدائی قیمت 10 روپے رکھی گئی ہے۔ سرمایہ کاری کے لیے سال 2027 کو ہدف بنایا گیا ہے جب ہوٹل کی تعمیر مکمل کر کے بین الاقوامی برانڈ کو لیز پر دیا جائے گا۔
پروگرام میں حیدرآباد چیمبرآف اسمال ٹریڈرزاینڈ اسمال انڈسٹری کےسابق صدر محمد فاروق شیخانی، حیدرآباد سائٹ ایسو سی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین عامرشہاب،اراکین محمد شریف پونجانی، محمد الناصر، محمد اصغر خلجی، کاشف شیخ، محمد یاسین خلجی، عرفان میمن، حمید ماتلی، ثمر جعفری اور دیگر معززین نے شرکت کی اور سوال و جواب کے سیشن میں بھرپور حصہ لیا اور شرکاء نے جے ایس اینویسٹمنٹ لمیٹڈکی جانب سے پیش کردہ معلومات کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے اسلامی سرمایہ کاری منصوبے ملک کے مختلف حصوں میں متعارف کروائے جائیں گے۔


