25کروڑروپےمالیت کی مبینہ چوری،گھریلو ملازمہ رخسانہ بی بی بری

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) رخسانہ بی بی کو جوڈیشل مجسٹریٹ رضوان الدین نے 25 کروڑ روپے مالیت کی مبینہ چوری کے مقدمے میں بری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈبلیو ڈی کی رہائشی خاتون کی جانب سے جنوری 2024 میں تھانہ لوئی بھیر میں درج کرائے گئے مقدمے میں الزام تھا کہ رخسانہ بی بی نے گھر سے 4 لاکھ روپے، 5 لاکھ برطانوی پاؤنڈز اور 5 لاکھ سعودی ریال چوری کیے۔

عدالت نے استغاثہ کی کہانی کو “ناقابلِ یقین” اور “مشکوک” قرار دیا۔ تفتیش کے دوران ملزمہ سے محض 2 ہزار روپے برآمد ہوئے، جس کی قانونی حیثیت ثابت نہ ہو سکی۔

ملزمہ پر 18 ستمبر 2025 کو فردِ جرم عائد کی گئی تھی، لیکن استغاثہ ایک بھی گواہ یا دستاویزی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا کہ اتنی بڑی رقم گھر میں رکھ کر چابی ملازمہ کے حوالے کرنا عقل سے بالاتر ہے اور غیر ملکی کرنسی کی موجودگی کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔

عدالت نے فیصلہ دیا کہ شک کا فائدہ ملزمہ کو دیا جائے اور مزید کارروائی وقت کے ضیاع کے مترادف ہوگی، لہٰذا رخسانہ بی بی کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 249 اے کے تحت مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں