کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سپریم کورٹ آف پاکستان کی کراچی رجسٹری کی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں عدالتی امور کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 16 سے 19 مارچ کے دوران مجموعی طور پر 82 مقدمات کے فیصلے کیے گئے۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے چار روز کے دوران 73 کیسز نمٹائے۔
اس بینچ میں جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس محمد شفیع صدیقی شامل تھے۔ رپورٹ کے مطابق اس بینچ کے روبرو چار روز میں مجموعی طور پر 113 کیسز سماعت کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔
مزید بتایا گیا کہ جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے تین روز کے دوران 8 مقدمات کے فیصلے سنائے، جبکہ جسٹس منیب اختر اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل بینچ نے ایک کیس کا فیصلہ صادر کیا۔
کارکردگی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مقدمات کے بروقت فیصلوں کے لیے عدالتی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔


