اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 9 اپریل تک توسیع کر دی۔
کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جس دوران بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ بشریٰ بی بی کو تمام مقدمات میں شاملِ تفتیش کیا جائے کیونکہ پولیس نے تاحال انہیں کسی بھی مقدمے میں شاملِ تفتیش نہیں کیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کو شوہر اور وکلا کی موجودگی میں شاملِ تفتیش کیا جائے۔
دریں اثنا، انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 7 اپریل تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے دوران آج بھی اڈیالہ جیل اور عدالت کے درمیان ویڈیو لنک سسٹم فعال نہ ہو سکا، جس کے باعث کارروائی آگے نہ بڑھ سکی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک سسٹم کو فعال بنانے کی ہدایت جاری کر دی۔
سماعت کے موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور شیریں مزاری عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دیگر ملزمان کی حاضری کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کی جیل روبکار پر حاضری لگائی گئی ہے۔ کیس میں اب تک 119 گواہوں میں سے 44 کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
وکیلِ صفائی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ویڈیو لنک ٹرائل سے متعلق نوٹیفکیشن کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جس پر آئندہ سماعت میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔


