شکارپور(ایچ آراین ڈبلیو)ہمایوں شریف میں ریلوے ٹریک پر بم دھماکے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے ریلوے ٹریک پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔
دھماکے کے باعث ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، تاہم خوش قسمتی سے تمام مسافر محفوظ رہے۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی شکارپور کی قیادت میں پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران ریلوے ٹریک کو بم دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنانے کی یہ چوتھی کوشش ہے، جس کے پیش نظر ریلوے سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔


