عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کے لیے کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل اور ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ایاز سلیم کی مشترکہ زیر صدارت فٹبال گراؤنڈ عارف والا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
کھلی کچہری میں شہریوں کو بلاواسطہ اپنی شکایات اور مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومتِ پنجاب عوامی فلاح، شفاف طرزِ عمل اور شہریوں کو ان کے مسائل کا بروقت ازالہ ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ تحصیل سطح پر کھلی کچہریوں کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
انہوں نے کھلی کچہری کے دوران موصول ہونے والی ریونیو، بلدیاتی، انہار اور دیگر صوبائی محکموں سے متعلق درخواستوں پر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے اور واضح کیا کہ عوامی شکایات میں تاخیر یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال ایاز سلیم نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے پولیس سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا شفاف اور میرٹ پر ازالہ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر آصف رضا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جاوید اقبال چدھڑ، اسسٹنٹ کمشنر عارف والا فیصل عمران سمیت ریونیو، بلدیاتی اور دیگر ضلعی محکموں کے افسران، شہریوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے جن پر موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو واضح اور فوری احکامات جاری کیے گئے۔


