حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ زراعت توسیع سندھ نے بتایا ہے کہ صوبہ سندھ نے فصل سال 2025-26 کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گندم کی کاشت کا ہدف کامیابی سے عبور کر لیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ کے لیے گندم کاشت کا ہدف 14,16,430 ہیکٹر (35,00,140 ایکڑ) مقرر کیا تھا، تاہم صوبے بھر میں 14,95,589 ہیکٹر (36,95,750 ایکڑ) رقبے پر گندم کی کاشت کی گئی، جو مقررہ ہدف سے 5.6 فیصد زائد ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے اس کامیابی کی بنیادی وجہ حکومت سندھ کے گندم کاشتکار سپورٹ (سبسڈی) پروگرام قرار دیا، جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کی معاونت کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 1 سے 25 ایکڑ زمین رکھنے والے کسانوں کو فی ایکڑ 22 ہزار روپے مالی معاونت فراہم کی گئی، جو ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی صورت میں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ اس سبسڈی پروگرام سے پیداواری لاگت میں کمی آئی، کسان زیادہ رقبے پر گندم کاشت کرنے کے لیے راغب ہوئے اور بڑھتے ہوئے زرعی اخراجات کے باوجود کسانوں کا اعتماد مضبوط ہوا۔ نتیجتاً گندم کا زیرِ کاشت رقبہ وفاقی ہدف سے تجاوز کر گیا، جس سے صوبے میں غذائی تحفظ اور زرعی پیداوار میں بہتری آئی ہے۔
محکمہ زراعت توسیع سندھ نے کہا کہ کسانوں کی معاونت، بروقت اقدامات اور موثر پالیسیوں کے ذریعے سندھ میں پائیدار زرعی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔


