ملتان(ایچ آراین ڈبلیو)حسن سوالی کے قریب بہاولپور سکھن روڈ پر بجری سے لوڈ ایک ٹرک الٹنے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کچا راستہ ہونے کے باعث پیش آیا، جہاں سڑک کی ایک سائیڈ بیٹھنے سے ٹرک الٹ گیا۔
کالر کی اطلاع پر ریسکیو کنٹرول روم نے فوری طور پر متعدد ایمبولینسز، موٹر بائیک ایمبولینس، ریسکیو اور فائر وہیکلز موقع پر روانہ کیں۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ٹرک کے نیچے دب کر محمد افضل ولد غلام قادر (عمر 60 سال) اور فاروق ولد نظر حسین (عمر 30 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دلاؤر ولد غلام مصطفیٰ اور شہنواز ولد حاجی محمد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد نشتر ہسپتال ٹو منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔


